ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورونانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں تین روزہ دوسری انٹرنیشنل کانفرنس برائے اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ICAST-2025) شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ بین الاقوامی علمی اجتماع فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں محققین، ماہرین تعلیم اور صنعت سے وابستہ شخصیات نے سائنسی علوم، اختراعات اور پائیدار ترقی کے لیے بین الشعبہ جاتی تعاون پر تفصیلی مباحثے کیے۔

کانفرنس کے دوران بابا گورونانک یونیورسٹی اور تین بین الاقوامی جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں ریجب طیب اردوان یونیورسٹی (ترکی)، انسٹیٹیوٹ آف مالیکیولر بایولوجی اینڈ بایو ٹیکنالوجیز (آذربائیجان)، اور جانکری کاراتے کن یونیورسٹی (ترکی) شامل ہیں۔ ان معاہدوں کا مقصد عالمی علمی روابط کو فروغ دینا، مشترکہ تحقیقی منصوبوں کا آغاز، اور فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے کے پروگرامز کے ذریعے علمی و تحقیقی تعاون کو وسعت دینا ہے۔

کانفرنس میں پانچ ممالک کے سات ممتاز بین الاقوامی مقررین نے کلیدی خطابات کیے جبکہ 12 ممالک کے محققین نے آن لائن شرکت کی۔ پاکستان کی 31 جامعات سے 200 سے زائد اسکالرز نے ذاتی طور پر شرکت کرتے ہوئے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔ تین روزہ اجلاس میں کلیدی و تکنیکی سیشنز، پوسٹر و ماڈل نمائشیں، اور سائنسی مباحثوں کے ذریعے علم و تحقیق کے تبادلے کے بھرپور مواقع فراہم کیے گئے۔

پائیدار ماحول کے فروغ کے لیے کانفرنس کے دوران بابا گورونانک یونیورسٹی کے زیر تعمیر مرکزی کیمپس میں شجرکاری تقریب بھی منعقد ہوئی، جہاں بین الاقوامی مقررین نے پودے لگا کر ماحول دوست ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔ اسی طرح پنجاب کی ثقافتی روایات کو اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی شام کا اہتمام کیا گیا جس میں قوالی، مشاعرہ اور ڈھول کی پرفارمنسز نے شرکاء کو محظوظ کیا اور ملکی و غیر ملکی مہمانوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیا۔

اختتامی اجلاس میں بین الاقوامی مقررین نے بابا گورونانک یونیورسٹی کی انتظامیہ، منتظمین اور طلبہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس نے بین الاقوامی سطح پر علمی روابط کو ایک نئی جہت دی ہے۔ مقررین نے طلبہ کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم اور اسکالرشپس کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب بھی دی۔

ووٹ آف تھینکس میں پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، اور پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی و ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن، نے تمام مقررین، محققین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی و بین الاقوامی سطح پر تحقیقی تعاون کو فروغ دینا ہی علمی ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کا اصل ذریعہ ہے۔

یہ کانفرنس بابا گورونانک یونیورسٹی کے اس عزم کی واضح عکاسی کرتی ہے کہ وہ تحقیق، اختراع اور بین الاقوامی علمی روابط کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف ملکی و غیر ملکی جامعات کے مابین تعلقات کو مضبوط بناتا ہے بلکہ نئی نسل کے محققین کو جدید سائنسی و تکنیکی چیلنجز کے پائیدار حل تلاش کرنے کی تحریک بھی فراہم کرتا ہے۔

Shares: