ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی)بابا گورونانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کی جانب سے باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو ان کی اعلیٰ صحافتی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز یونیورسٹی میں جاری دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے دوران دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق احسان اللہ ایاز کو کانفرنس اور یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی و تحقیقی ایونٹس کی مؤثر، ذمہ دارانہ اور مثبت کوریج پر سراہا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، اور پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی و ڈائریکٹر ORIC، نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ انہیں تعریفی سرٹیفیکیٹ پیش کیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا اور صحافی طبقہ علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اور احسان اللہ ایاز نے اپنے پیشہ ورانہ رویے اور بروقت رپورٹنگ کے ذریعے مثبت صحافت کی بہترین مثال قائم کی ہے۔
ننکانہ صاحب اور گرد و نواح کے صحافتی حلقوں نے احسان اللہ ایاز کو یہ اعزاز ملنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور اسے نوجوان صحافیوں کے لیے حوصلہ افزا سنگِ میل قرار دیا۔