بھارتی اداکارہ کا خاندان کی کفالت کرنے والی رکشہ ڈرائیورخاتون کو گاڑی کا تحفہ
بھارت کی ساؤتھ فلموں کی اداکارہ سمنتھا اکینینی نے خاتون رکشہ ڈرائیور کو ٹیکسی سروس شروع کرنے کے لئے نئی گاڑی خرید کر دے دی۔
باغی ٹی وی :ساؤتھ انڈین فلموں کی اداکارہ سمنتھا اکینینی کا شمار بھارت کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو کہ اپنی خوبصورتی اور بہترین اداکاری کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں کے باعث بھی جانی جاتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک ٹی وی شو جس کی میزبانی خود سمنتھا کرتی ہیں اداکارہ کے شو میں کویتھا نامی خاتون شریک ہوئی جس نے بتایا کہ اس کی 7 بہنیں ہیں اور وہ اپنے گھر کی واحد کمانے والی ہے، اس لیے وہ رکشہ چلاتی ہے۔
اس موقع پر اداکارہ نے وعدہ کیا کہ وہ اسے ایک نئی گاڑی خرید کر دیں گی تاکہ وہ اپنی ٹیکسی سروس شروع کرسکے۔
رپورٹ کے مطابق سمنتھا نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے خاتون رکشہ ڈرائیور کو ساڑھے 12 لاکھ بھارتی روپے کی ایک نئی گاڑی خرید کردی ہے تاکہ وہ اپنی ٹیکسی سروس شروع کرسکے۔