کراچی:بلدیہ ٹاؤن میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ،پولیس نے مقتول کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اتحادٹاؤن کے علاقے بلدیہ ٹاؤن قائم خانی نواب کالونی سیکٹر 13 روٹ نمبر 20 بس اسٹاپ کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے فوری بعد سعیدآباد اور اتحاد ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی، تاہم دونوں تھانوں کی پولیس نے لاش کو ہاتھ نہیں لگایا اور حدود کے تنازعے میں ایک دوسرے سے لڑتی رہی ، پولیس کی اس لڑائی کی وجہ سے لاش کی کئی گھنٹوں تک بےحرمتی ہوتی رہی، بعدازاں ، ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن سب انسپکٹر اسد الہی نے اپنے تھانے کی حدود مانتے ہوئے لاش ایدھی ایمبو لینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کرائی ، مقتول کی شناخت 25 سالہ خالد ولد اسلام کے نام سے کی گئی۔
پی ٹی وی میں مالی کو پروڈیوسر لگائے جانے کا انکشاف
ایس ایچ او کے مطابق شبہ ہے کہ مقتول کو اس کے بھائی وسیم نے قتل کیا ہے ، عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا تھا کہ مقتول کا بھائی اسد واقعے کے فوری بعد جائے وقوعہ سے چلا گیا اور اس کے کپڑے خون آلود تھے ، کچھ دیر بعد وہ کپڑے تبدیل کر کے واپس آگیا تھا۔
مقتول کا آبائی تعلق وزیرستان سے تھا وہ ایک بچے کا باپ تھا جبکہ مقتول اور اس کے بھائی وسیم کا لنڈے کے کپڑوں کا کام ہے ، واقعے سے متعلق مقتول والدین کو وزیرستان میں اطلاع کر دی گئی ہے جو کراچی آنے کے لیے روانہ ہو گئے ہیں ، مقتول کا بھائی مبینہ قاتل پولیس کی حراست میں ہے۔
پاپوانیو گنی میں زلزلے کے شدید جھٹکے
پولیس ذرائع کے مطابق وسیم نے اپنے بھائی کے قتل کا اعتراف کر لیا ، مقتول کی اہلیہ واقعے سے چند گھنٹوں قبل ہی اپنے بیٹے کو لیکر اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی جبکہ وہ جاتے ہوئے گھر سے طلائی زیورات ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان بھی اپنے ہمراہ لے گئی تھی، پولیس واقعے کی تحقیقیات کر رہی ہے۔








