مزید دیکھیں

مقبول

پہلگام حملے کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد ملبہ کشمیریوں پر پھینکا جارہا ،مشعال ملک

خطے کی کشیدہ صورت حال اور بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں کے بعد آزاد کشمیر کو فوری طور پر "وار کونسل” قرار دینے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات میں قومی قیادت فوری اقدامات کرے تاکہ کشمیری عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت نے حالیہ دنوں میں پہلگام حملے کے بعد ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے جھوٹے الزامات کشمیریوں پر عائد کر دیے ہیں۔ بین الاقوامی مبصرین اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس حملے کے تانے بانے بھارتی خفیہ اداروں سے ملتے ہیں، مگر بھارت نے بغیر تحقیق کے الزام کشمیری عوام پر ڈال دیا ہے، جو کہ اقوام متحدہ کے قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بھارت کی جانب سے دریاؤں کا پانی روکنے اور اس کا رخ موڑنے کی کوششیں کھلم کھلا آبی دہشتگردی کے زمرے میں آتی ہیں۔ پاکستان کو ملنے والے پانی کے حق پر بھارت کی یکطرفہ چیرہ دستی نہ صرف سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے میں ماحولیاتی بحران کو بھی جنم دے سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں گھروں کو بارود سے اڑانے اور کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔

مشعال ملک کا مزید کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں، بالخصوص لائن آف کنٹرول کے اطراف میں رہنے والے شہریوں کو سیلف ڈیفنس کی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کی صورت میں فوری ردعمل اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہو چکا ہے۔مشعال ملک نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر قوم سے خطاب کریں اور موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "جنگ کی تلوار ہمارے سروں پر لٹک رہی ہے، اور کشمیر ایک فلیش پوائنٹ بن چکا ہے”۔ انہوں نے پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلانے اور بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ ختم کرنے کی تجویز بھی دی، تاکہ بھارت کو واضح پیغام دیا جا سکے کہ مزید دھوکہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔مشعال ملک نے اس امر پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر اقوام متحدہ میں بھرپور انداز میں اٹھایا جائے، کیونکہ یہ مسئلہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے، لہٰذا اب بین الاقوامی برادری کو اس ضمن میں خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan