نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تاقیامت دنیا کے نقشے پرقائم رہے گا، بھارت کو جارحیت کا ایسا جواب دیا کہ اس کا ہوش ابھی تک ٹھکانے نہیں آیا-
پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ لاکھوں قربانیوں کے بعد یہ ملک وجود میں آیا، 28 مئی 1998 کو پاکستان ایٹمی طاقت بنا، 2013 تا 2016 پاکستان کی تاریخ کا پہلا مکمل آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوا،2017 میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معاشی طاقت بن چکا تھا، ایک پھلتے پھولتے پاکستان کو سازشوں کے ذریعے ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچایا گیا، تحریک عدم اعتماد سے ہمیں سیاسی طور پر نقصان ہوا مگر ملک کو بچالیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کرکے نیا ڈرامہ رچایا، بھارت نے پہلگام ڈرامے کا سارا ملبہ پاکستان پر ڈال دیا، پاکستان کی بہادر افواج نے 4 دن کی جنگ میں بھارت کو سبق سکھایا، بھارت کو جارحیت کا ایسا جواب دیا کہ اس کا ہوش ابھی تک ٹھکانے نہیں آیا، ایران پر حملہ ہوا تو پوری طرح اپنی ذمہ داری نبھائی، ایران نے کہا کہ ہرایک کے دوست دشمن ہوتے ہیں، اس جنگ میں ہمیں پتہ چلا کہ ہمارا دوست کون ہے اور دشمن کون، ایران نے پاکستان کو مشکل وقت کا دوست قرار دیا۔