پاکستان ٹیم کی سری لنکا روانگی سے قبل کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کپتان بابر اعظم کو ٹیلیفون کیا ہے۔
باغی ٹی وی: ذکا اشرف نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بابر اعظم سے کہا کہ پوری ٹیم کو میری طرف سے نیک خواہشات کا پیغام دیں، توقع ہے کہ ٹیم دورہ سری لنکا اور ایشیا کپ میں پاکستان کے لیے کامیابیاں سمیٹے گی۔
اس موقع پر بابر اعظم نے ذکا اشرف کو چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کے پچھلے دور میں بھی پاکستان نے ایشیا کپ جیتا تھا، انشاءاللّٰہ اس بار بھی ایشیا کپ جیت کر پاکستان لائیں گے، پاکستان ٹیم کو مزید اوپر لے جانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، پاکستان کی خاطر بھرپور توانائی کے ساتھ میدان میں اتریں گے بابراعظم نے ذکاء اشرف کو چئیرمین مینجمنٹ کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے بھارت جائے گی یا نہیں اس حوالہ سے فیصلہ کرنے کے لئے ایک ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دی گئی ہےوزیر خارجہ بلاول زرداری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، کمیٹی میں وفاقی وزرا رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ، احسان مزاری، مریم اورنگزیب، اسعد محمود، امین الحق، قمر زمان کائرہ اور طارق فاطمی شامل ہیں ،قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہ اور سیکرٹری خارجہ بھی ہائی پروفائل کمیٹی میں شامل ہیں-
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیٹی بھارت میں ہونیوالے ورلڈ کپ میچز میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالہ سے سفارشات مرتب کرے گی، حتمی سفارشات وزیراعظم کو بھجوائی جائیں گی، جس کے بعد حتمی فیصلہ ہو گا، پی سی بی نے ورلڈ کپ میں شرکت حکومت کی اجازت کے ساتھ مشروط کی ہے-