ستم رسیدہ دریاؤں کے کنارے آج ایک بار پھر آہ و بکا کی صدائیں بلند ہیں، جہاں لہراتی موجوں نے بستیاں نگل لیں، مویشی بہا دیے، اور انسانوں کو بے سر و سامانی کی تصویر بنا دیا۔ پنجاب کے زرخیز میدان ہوں یا خیبر پختونخوا کے سرسبز وادیوں کے دہانے، رواں سال کا سیلاب ایک قہر بن کر ٹوٹا، اور اس قہر کو بڑھاوا دینے میں بھارتی آبی جارحیت نے بھی کسی کسر کو باقی نہ رکھا۔بھارت کی جانب سے بنا پیشگی اطلاع کے اضافی پانی چھوڑنے کے باعث دریاؤں کا پاٹ تو جیسے صدیوں کی قید سے آزاد ہوا، اور اس طغیانی نے پنجاب کے درجنوں اضلاع کو نگل لیا۔ بین الاقوامی آبی معاہدات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے کیے گئے اس عمل کو ماحولیاتی دہشت گردی سے کم نہیں کہا جا سکتا۔ بھارت کی یہ آبی یلغار نہ صرف فصلوں کو تباہ کر گئی بلکہ دیہی معیشت کی کمر بھی توڑ گئی۔
ایسے ناگہانی حالات میں جہاں ریاستی مشینری اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود متاثرین کی مکمل داد رسی کرنے سے قاصر دکھائی دی، وہیں افواج پاکستان کا متاثرہ اضلاع میں ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری ہے،سیلاب متاثرین کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے،کھانا تقسیم کیاجا رہا ہے،تو دوسری جانب پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے اپنے رضاکاروں کے ذریعے ایک قابلِ تقلید مثال قائم کی۔ سیلاب کی تباہ کاریوں کے عین مرکز میں، امداد کے ہاتھ تھامے، یہ کارواں متاثرین کے لیے امید کی کرن بن کر ابھرا،مرکزی صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایت پر نہ صرف پنجاب کے 25 متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کو منظم کیا گیا بلکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور سندھ کے علاقوں میں بھی بھرپور ریلیف آپریشن جاری ہے۔لاہورموہلنوال کی خیمہ بستی، جہاں تین ہزار سے زائد متاثرین مقیم ہیں، وہاں مسلم ویمن لیگ کی سیکرٹری جنرل عفت سعید نے دورہ کر کے نہ صرف متاثرین سے ملاقات کی بلکہ خود کھانا تقسیم کیا۔ پکی پکائی خوراک کی فراہمی، بچوں کے لیے دودھ اور خشک راشن، خواتین کے لیے ملبوسات اور جوتوں کی تقسیم، سب کچھ ایک منظم نظم کے تحت جاری ہے۔
لاہور، سیالکوٹ، ننکانہ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد اور تاندلیانوالہ کے نواحی علاقوں میں جہاں پانی نے زندگی کو مفلوج کر دیا تھا، وہاں مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان نے کشتیوں کے ذریعے خوراک، ادویات اور دیگر ضروریات زندگی متاثرین تک پہنچائیں۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور پاک فوج کے افسران کی موجودگی میں متاثرہ دیہاتوں میں ریلیف کے مناظر جذبۂ خدمت کی سچی تصویر پیش کرتے ہیں۔سیلاب صرف انسانوں کا امتحان نہیں تھا، مال مویشی بھی اس افتاد کا شکار ہوئے۔ مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمت خلق نے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کے لیے چارہ، سیلج اور دیگر خوراک کی تقسیم کو یقینی بنایا۔ شفیق الرحمان وڑائچ اور حمید الحسن گجر کی قیادت میں گنڈا سنگھ والا، تلوار چیک پوسٹ اور نواحی دیہات میں دو ہزار سے زائد جانوروں کے لیے خوراک پہنچائی گئی۔باجوڑ، بونیر، مینگورہ، صوابی، سوات اور شانگلہ میں مرکزی مسلم لیگ کی مقامی قیادت نے سینکڑوں بیوہ خواتین اور متاثرہ خاندانوں میں خشک راشن، بستر اور برتن تقسیم کیے۔ عبدالغفار منصور کی قیادت میں سوات کے ڈاگ میلہ گراؤنڈ میں گھر کا سامان بانٹا گیا، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ یہ مشن صرف وقتی ریلیف کا نہیں، بلکہ مکمل بحالی کا ہے۔
مرکزی مسلم لیگ کا سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کسی سیاسی تشہیر کے بغیر، نہایت سادگی اور خدمت کے جذبے کے تحت جاری ہے۔ مرکزی ترجمان تابش قیوم نے قصور میں 22 سیلاب زدہ دیہاتوں کا دورہ کر کے نہ صرف کھانا تقسیم کیا بلکہ امدادی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ان میں مزید بہتری کی ہدایت بھی جاری کی۔سیلاب ایک قدرتی آفت سہی، مگر اس کے اثرات انسانی کوتاہی، ناقص حکومتی منصوبہ بندی اور ہمسایہ ملک کی بدنیتی سے کہیں زیادہ گھمبیر ہو جاتے ہیں۔ ہمیں نہ صرف اپنی آبی پالیسی پر نظرثانی کرنی ہے بلکہ انسانی خدمت کو محض حکومتی فریضہ سمجھنے کے بجائے اجتماعی قومی ذمہ داری کے طور پر اپنانا ہوگا،مرکزی مسلم لیگ کی خدمات اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ جب نیت نیک ہو اور ارادے مضبوط، تو ایک سیاسی جماعت بھی بحران میں امید کا چراغ روشن کر سکتی ہے،مرکزی مسلم لیگ نے جس غیر معمولی انداز میں سیلاب متاثرین کی مدد کی، وہ ہماری قومی تاریخ میں ایک روشن مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ اس وقت جب قوم کو یکجہتی، ہمدردی اور عملی خدمت کی اشد ضرورت ہے، ایسے اقدامات قوم کی اجتماعی روح کو بیدار کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوں گے۔