بھارتی کمپنی اڈانی گروپ کے ذیلی ادارے اڈانی پاور جھاڑ کھنڈ لمٹیڈ نے بنگلا دیش کو فراہم کی جانے والی بجلی میں 50 فیصد کٹوتی کردی ہے۔
باغی ٹی وی : بنگلا دیش کے اخبار دی ڈیلی اسٹار کے مطابق اڈانی گروپ کے ذیلی ادارے اڈانی پاور جھاڑ کھنڈ لمٹیڈ نے بنگلا دیش کو فراہم کی جانے والی بجلی میں 50 فیصد کٹوتی کردی ہے،اڈانی گروپ کی طرف سے بجلی کی رسد میں کمی کے بعد اب بنگلا دیش کو 1600 میگا واٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے گروپ نے اپنے 1496 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والے ادارے کا ایک یونٹ بند کردیا ہے،اڈانی گروپ نے بنگلا دیش کو فراہم کی جانے والی بجلی میں جو کٹوتی کی ہے اُس کے بعد اب بنگلا دیش کو فراہم کی جانے والی بجلی 700 میگا واٹ ہے۔
اڈانی گروپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بنگلا دیش کو بجلی کی رسد میں کمی کا بنیادی سبب یہ ہے کہ واجبات زیادہ ہوچکے ہیں اور بنگلا دیش کی طرف سے ادائیگی میں اضافہ نہیں کیا جارہا ہے، بنگلا دیش کو اڈانی گروپ کے 84 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ادا کرنے ہیں-
اڈانی پاور نے بنگلا دیش پاور ڈیویلپمنٹ بورڈ کو 27 اکتوبر کو ایک خط بھیجا تھا جس میں واجبات ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ واجبات ادا نہ کیے جانے کی صورت میں 30 اکتوبر سے بجلی کی رسد گھٹادی جائے گی۔
واضح رہے کہ اڈانی پاور کی جانب سے بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں موجود کوئلے سے چلنے والے 1600 میگاواٹ کے پاور پلانٹ سے بنگلادیش کو بجلی فراہم کی جارہی ہے اس حوالے سے فوری طور پر بنگلادیشی حکام کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم بنگلادیش ان دنوں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شدید متاثر ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق جھارکھنڈ کے اڈانی پاور پلانٹ کو واجب الادا رقم میں اضافے کے باعث کوئلے کی درآمدات متاثر ہوئی ہیں جس سے کوئلے سے چلنے والے پلانٹ میں بجلی کی روزانہ کی پیداوار بھی 500 میگاواٹ کم ہوئی ہے۔