دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ جنگی طیارہ تیجس فضائی مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ واقعے کی باضابطہ تصدیق بھارتی فضائیہ نے کر دی ہے۔
بھارتی ایئر فورس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’’آج دبئی ایئر شو میں فلائنگ ڈسپلے کے دوران بھارتی فضائیہ کا تیجس طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، بدقسمتی سے ہمارے پائلٹ کی جان نہیں بچائی جا سکی۔‘‘بیان میں مزید کہا گیا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی گئی ہے جو تکنیکی و آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔
تیجس کو بھارت کی سرکاری ایرو اسپیس کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے تیار کیا تھا۔ یہ بھارت میں تیار ہونے والا پہلا جدید جنگی طیارہ تصور کیا جاتا ہے۔طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز 2001 میں ہوئی جبکہ 2016 میں اسے باضابطہ طور پر بھارتی فضائیہ میں شامل کیا گیا۔بھارت تیجس کو 4.5 جنریشن کے لڑاکا طیارے کے طور پر پیش کرتا ہے، جسے بھارتی حکام رافیل کے قریب درجے کی صلاحیتوں کا حامل قرار دیتے رہے ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق اس طیارے کے متعلق آزادانہ سطح پر ہمیشہ سوالات اٹھتے رہے ہیں، خصوصاً اس کے انجن، الیکٹرانکس اور جنگی صلاحیتوں کے حوالے سے۔
دبئی ایئر شو میں پیش آنے والا یہ واقعہ دو سال سے بھی کم عرصے میں تیجس طیارے کے گرنے کا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔مارچ 2024 میں بھی ایک تیجس طیارہ راجستھان کے شہر جیسلمیر میں گر کر تباہ ہوا تھا، تاہم اُس واقعے میں پائلٹ محفوظ رہا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دبئی ایئر شو کے حادثے کی تفصیلات جاننے کے لیے بھارتی فضائیہ اور HAL کی مشترکہ ٹیم بھی تشکیل دی جا رہی ہے، جوطیارے کی تکنیکی کارکردگی،ممکنہ خرابی کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ں۔








