بھارتی فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز کو میڈیا سے بات چیت میں غیر ضروری آپریشنل معلومات کے افشا سے بچنے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یہ ہدایات 23 نومبر 2025 کو وزارتِ دفاع کے انٹیگریٹڈ ہیڈکوارٹرز (آرمی) کی جانب سے ایک سرکاری ایڈوائزری میں جاری کی گئیں۔ایڈوائزری لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کٹیار، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف ویسٹرن کمانڈ کے نام ارسال کی گئی، جس میں فوجی فارمیشنز کی جانب سے بڑھتے ہوئے میڈیا روابط پر اظہارِ تشویش کیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق، متعدد فیلڈ فارمیشنز حالیہ اور جاری عسکری مشقوں کے دوران میڈیا سے وسیع پیمانے پر رابطہ کر رہی ہیں، جو کہ عوامی روابط کے لیے مفید ضرور ہے، مگر اس میں حساس معلومات کے سامنے آنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایڈجٹینٹ جنرل برانچ نے واضح کیا کہ میڈیا انگیجمنٹ صرف طے شدہ سیکیورٹی پروٹوکول کے اندر رہتے ہوئے کی جائے۔اعلامیے میں سختی سے کہا گیا ہے کہ عسکری منصوبے،آپریشنل ڈپلائمنٹ کے تصورات،فارمیشنز کی ری اسٹرکچرنگ کی تفصیلات،مشقوں کے مقاصد،اور نظریاتی تبدیلیوں سے متعلق معلومات کو کسی بھی حالت میں میڈیا کے ساتھ شیئر نہ کیا جائے کیونکہ یہ معلومات صرف اندرونی استعمال کے لیے مخصوص ہیں۔اپنے زیرِ کمان تمام فارمیشنز کو واضح اور مؤثر ہدایات جاری کریں، تاکہ فوج کے آپریشنل راز اور حکمتِ عملی مکمل طور پر محفوظ رہیں۔









