بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اپیندر دویدی نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کو ایک اہم خط لکھ کر حالیہ اعلیٰ عسکری افسران کی ریٹائرمنٹ اور تقرریوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

باغی ٹی وی کے مطابق خط میں جنرل دویدی نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار کی ریٹائرمنٹ اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل پراتک شرما کی تقرری سے بھارتی فوج اور دیگر سروسز میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اگرچہ پریس انفارمیشن بیورو نے وضاحت کی ہے کہ یہ ریٹائرمنٹ شیڈول کے مطابق تھی، تاہم اس کے وقت اور طریقہ کار نے چہ مگوئیاں پیدا کی ہیں۔

فوجی سربراہ نے مزید کہا کہ ایئر مارشل سجیٹ پشپکر دھرکر کی بطور وائس چیف آف دی ایئر اسٹاف ریٹائرمنٹ اور لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس رانا کی تقرری، جنہیں ڈیفنس انٹیلیجنس ایجنسی کا ڈائریکٹر جنرل اور انڈمان و نکوبار کمانڈ کا کمانڈر ان چیف بنایا گیا، نے بھی تشویش کو بڑھایا ہے۔خط میں واضح کیا گیا کہ ان فیصلوں کا بیک وقت ہونا اور ان کے تاثر نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، جس سے افسران کا مورال متاثر ہونے اور پاکستان جیسے ممالک کے پروپیگنڈہ کو تقویت ملنے کا خدشہ ہے، خصوصاً آئی ایس آئی اور آئی ایس پی آر سے منسلک بیانیے اس موقع کو استعمال کر سکتے ہیں۔

جنرل دویدی نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ اعلیٰ سطحی تقرریوں اور ریٹائرمنٹ کے فیصلے شفاف انداز میں کیے جائیں تاکہ قیاس آرائیوں سے بچا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ مرکزی حکومت سے مشاورت کی جائے تاکہ اختلاف رائے کو بغاوت نہ سمجھا جائے بلکہ ایک صحت مند جمہوری عمل تصور کیا جائے۔خط کے آخر میں جنرل دویدی نے امید ظاہر کی کہ جنرل انیل چوہان کی قیادت میں ان معاملات کو حل کر کے افواج میں اتحاد اور حوصلہ برقرار رکھا جائے گا۔

Shares: