مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کے دباؤپر ریاستی انتظامیہ نے صنعتی مقاصد کیلئے مختص اراضی پر فوجی کیمپ اور اہلکاروں کے لئے رہائشی کوارٹرز تعمیر کرنا شروع کر دیے ۔ اس امر کا انکشاف مقبوضہ کشمیر میں ایوان صنعت و تجارت کے ترجمان نے کیا ہے۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کے سی سی آئی کے ترجمان نے کہاکہ قابض انتظامیہ کی طرف سے 60کنال صنعتی اراضی بھارتی فورسز کے حوالے کر دی گئی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔ ترجمان نے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں عدالت سے رجوع کرنے پر غورکررہے ہیں۔
ایوان صنعت وتجارت کشمیر کے ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے تاجروں کو صنعتی مقاصد کے لیے زمین کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اوریہ بات ریکارڈ پر ہے کہ کے سی سی آئی نے قابض انتظامیہ سے باربار بھارتی فورسز کے زیر قبضہ زمین کو واپس لینے اور اسے صنعتی اور کاروباری مقاصد کے لیے دستیاب کرانے کا مطالبہ کیاہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ بات حیران کن ہے کہ انتظامیہ نے مقبوضہ اراضی خالی کرانے کے بجائے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ 40کنال اراضی پر مشتمل ایک چھوٹاسیٹلائٹ صنعتی زون قائم کرنے کے لیے زمین تلاش کررہی ہے جبکہ پہلے سے صنعتی مقاصد کے لیے مختص اراضی پرفوجی کیمپ اور فورسز اہلکاروں کے لیے رہائشی کوارٹرزتعمیر کئے جارہے ہیں جو کہ کسی طور درست نہیں ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی فوج اس سے قبل بھی مقبوضہ کشمیر میں سینک کالونیوںکی تعمیر کیلئے کوششیںکرتی آرہی ہے.