لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزارت خارجہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے بھارتی خارجہ پالیسی پر مرکز کے موقف اور دلجیت دوسانجھ کی فلم میں پاکستانی اداکارہ کی اداکاری پر حالیہ تنازع پر سوال اٹھادئے۔
انہوں نے چندی گڑھ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہمیں وزیر اعظم سے پوچھنے کا حق نہیں ہے کہ خارجہ پالیسی کیا ہے۔ جب پاکستان کے ساتھ بھارت کی جنگ ہوئی اور تعلقات خراب ہوئے تو دنیا کا کوئی بھی ملک ہمارے ساتھ نہیں کھڑا ہوا۔ جبکہ مودی ان ممالک کا دورہ کر رہے ہیں جن کے نام ہم نے کبھی نہیں سنے ہوں گے۔ مودی بتائیں کہ دنیا میں کس نے ہمارا ساتھ دیا پھر آپ کیوں ادھر ادھر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم پر واضح سفارتی وجوہات کے بغیر اکثر ممالک کا دورہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ وزیراعظم اتنے چھوٹے چھوٹے ممالک سے اعزازات لے رہے ہیں جن کی آبادی دس ہزار بھی نہیں۔
2015 میں مودی کے پاکستان کے اچانک دورے کا حوالہ دیتے ہوئے مان نے کہاکہ مودی بغیر دعوت کے بھی وہ بریانی کھانے کے لیے پاکستان پہنچے۔ ہمیں تو پاکستان جانے کی اجازت نہیں۔ دلجیت دوسانجھ کی فلم، جس میں ایک پاکستانی اداکار ہانیہ عامر بھی شامل ہیں، سے متعلق تنازعہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ اب دلجیت دوسانجھ کی فلم کے بارے میں تنازعہ ہے جس میں ایک پاکستانی اداکار نے کام کیا تھا۔ یہ فلم بہت پہلے بنائی گئی تھی اور اب مودی سرداروں کو غدار کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی سے پوچھنا ہم سب کا حق ہے کہ وہ بتائیں کہ ان کی پالیسیاں دوغلی کیوں ہیں۔