تلہ گنگ: بنیادی مراکز صحت میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین 6 ماہ سے تنخواہوں سے محروم۔ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے

باغی ٹی وی ،چکوال (شوکت ملک سے) محکمہ صحت کے زیرِ انتظام تلہ گنگ ضلع بھر کے بنیادی مرکز صحت میں کام کرنے والے ملازمین جس میں ایل ایچ ویز، آیا اور سیکورٹی گارڈز شامل ہیں کو گزشتہ 6 ماہ سے تنخواہیں نہ مل سکیں، ملازمین سراپا احتجاج بن گئے، ملازمین کا کہنا ہے کہ عرصہ 9 سال سے کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں، ہر سال 4 سے 5 ماه انتظار کروانے کے بعد ایک سال کا کنٹریکٹ دیا جاتا ہے اور 5 سے 6 ماہ کی تنخواہیں روک لی جاتی ہیں، فروری 2021 میں اپنے جائز حقوق کے لیے پنجاب اسمبلی کے سامنے پرامن دھرنا دیا تھا اور مذاکرات میں یہ بات طے پائی تھی کہ 15 دن میں آپ کو ریگولر کرنے کی سمری بنا کر وزیراعلٰی پنجاب کو ارسال کر دی جائے گی اور تمام ملازمین کو ریگولر کر دیا جائے گا اور ساتھ ہی صرف 6 ماہ کا کنٹریکٹ دیا گیا جو کہ ختم ہو گیا ہے اب 4 ماہ سے نہ کنٹریکٹ ملا اور نہ ہی تنخواہیں ملی ہیں، ملازمین کا کہنا ہے کہ اب ڈیوٹی پہ آنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو گیا ہے اور گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے، ملازمین نے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی چکوال، وزیرِ صحت پنجاب، وزیراعلٰی پنجاب سمیت اعلیٰ حکام سے فی الفور تنخواہوں کی ادائیگی اور ریگولر کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ملازمین کا مزید کہنا ہے کہ اگر بروقت تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی اور وعدے کے مطابق ریگولر نہ کیا گیا تو نہ صرف ڈیوٹی چھوڑ ہڑتال کریں گے بلکہ اپنے جائز حقوق کےلیے ایک بار پھر لاہور پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا بھی دیں گے۔

Comments are closed.