اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)باغی ٹی وی کی چشم کشا رپورٹ پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی، اوچ شریف کے نواحی علاقے خیرپور ڈاہا میں انسانی جانوں سے کھیلنے والے غیر قانونی پٹرول و گیس کاروبار کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر کی زیر قیادت فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران دو غیر قانونی گیس سلنڈر شاپس سیل کر دی گئیں جبکہ متعدد منی پٹرول پمپس بند کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خیرپور ڈاہا چوک بھٹہ پر کی گئی، جہاں غیر محفوظ پٹرول کی ترسیل، ناقص اسٹوریج اور کسی بھی حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے موقع پر موجود افراد کو متنبہ کیا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور یہ مہلک کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی فیول ایجنسیاں اور گیس دکانیں بند کی جائیں گی، اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ایسے دیگر خطرناک کاروباری مراکز کی نشاندہی کی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق مکمل سروے کیا جا رہا ہے، اور عنقریب دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تمام پٹرول ایجنسیوں اور گیس شاپس کا ریکارڈ مرتب کر کے رجسٹریشن، سیفٹی چیک اور لائسنسنگ کا عمل سخت کیا جائے گا۔ بغیر اجازت کاروبار کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
علاقہ مکینوں، سماجی حلقوں اور شہریوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے باغی ٹی وی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جس نے جرأت مندانہ رپورٹنگ کے ذریعے خطرناک مسائل کو اجاگر کیا۔ عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدامات وقتی نہیں بلکہ پائیدار اور مسلسل جاری رہیں گے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔