بہاولنگر(باغی ٹی وی ،نامہ نگار محمد عرفان)بہاولنگر میں نوسربازی کے ایک بڑے گروہ کا انکشاف ہوا ہے جو جعلی نوکریوں کے ذریعے شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے میں مصروف تھا۔ اربن یونٹ کے ڈسٹرکٹ منیجر ہمایوں شان بھٹی کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں مرکزی نوسر باز کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے سامنے جعلی نوکریوں کا دھندہ چلانے والا نوسر باز نظیر احمد مختلف شہریوں کو اربن یونٹ میں بھرتی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتا رہا۔ پنجاب سٹی پریس کلب بہاولنگر میں متاثرین محمد طلحہ، نوشابہ، کشف صبا اور 105 فتح چشتیاں سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم نظیر احمد نے ان سے سپروائزر کی بھرتی کے نام پر فی کس 70 ہزار روپے وصول کیے، جن کی کیش ٹرانزیکشنز کے واضح ثبوت بھی موجود ہیں۔
متاثرین کے مطابق نظیر احمد ایک پرانا اور عادی نوسر باز ہے، جو ماضی میں بھی شہریوں کو کبھی بینظیر انکم سپورٹ اسکیم کے نام پر اور کبھی سرکاری محکموں میں ملازمتوں کے جعلی آرڈرز دکھا کر لوٹتا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے چشتیاں، ڈاہری والا، ہارون آباد، فقیر والی، کھچی والا اور فورٹ عباس سمیت متعدد علاقوں میں شہریوں کو اپنے جال میں پھنسا رکھا تھا۔
ار بن یونٹ کے ڈسٹرکٹ منیجر ہمایوں شان بھٹی نے شکایات موصول ہونے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے نوسر باز کو گرفتار کروا دیا۔ متاثرین نے ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ڈی پی او بہاولنگر سے مطالبہ کیا کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور لوٹی گئی رقم متاثرین کو واپس دلائی جائے۔
شہریوں نے حکومت اور پولیس حکام سے اپیل کی کہ جعلی نوکریوں کے اس دھندے میں ملوث تمام عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ آئندہ کسی شہری کو ایسے دھوکے کا سامنا نہ کرنا پڑے اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔