مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے پر انڈین ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف ہراسمنٹ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا،جبکہ پاکستان نے بھی خاتون کے حجاب اور نقاب کی بے حرمتی پر شدید ردعمل دیا ہے۔

بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں بی جے پی کے اتحادی بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک تقریب میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا تھا، بھار ت میں روایتی اور دیسی طریقہ علاج کی وزارت ‘آیوش’ کی جانب سے آیوش ڈاکٹروں کو ملازمت کا تقرر نامہ دینے کی تقریب رکھی گئی تھی جس میں وزیراعلیٰ بہار آیوش ڈاکٹروں کو تقرر نامہ دے رہے تھے،نقاب کھینچنے کو بھارتی سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور انسانی حقوق تنظیموں نے شرمناک قرار دے دیا جبکہ پاکستان نے بھی خاتون کے حجاب اور نقاب کی بے حرمتی پر شدید ردعمل دیا ہے۔

وفاقی وزیر پاور سردار اویس احمد خاں لغاری نے بھارت میں خاتون کے حجاب کی بے حرمتی پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بہار کے وزیرِ اعلیٰ کے اقدام کی شدید مذمت کرتا ہوں، ڈاکٹر نصرت پروین کی سرِ عام تضحیک انسانی وقار اور مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے، ایک خاتون کا نقاب زبردستی ہٹانا ناقابلِ قبول اور افسوسناک عمل ہے اس واقعے کو مذاق سمجھنا قابل افسوس ہے، بھارت میں مسلم خواتین کے حقوق کو نظرانداز کرنے کا تشویشناک رجحان سامنے آیا ہے، ڈاکٹر نصرت پروین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ریاست بہار کے وزیرِ اعلیٰ غیر مشروط معافی مانگیں مذہبی آزادی کی پامالی عالمی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف ہراسمنٹ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیااپوزیشن پارٹی کانگریس نے کہا کہ نتیش کمار کی بے شرمی دیکھیں اپائنٹمنٹ لیٹر لینے آئی خاتون ڈاکٹر کا حجاب اتار دیا، یہ بدتمیزی ناقابلِ معافی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ نتیش کمار کو فوری مستعفی ہونا چاہیے،سماج وادی پارٹی کے اکھلیش یادیو نے کہا کہ نتیش کمار کا یہ اقدام شرمناک ہے جبکہ بھارتی صحافی محمد زبیر نے کہا کہ حواسوں میں ہوتے تو نتیش کمار ایسا نہ کرتے، صحافی اشوک سوائن نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مودی کے بھار ت میں بدتمیزی اور اسلامو فوبیا کو سرکاری منظوری حاصل ہوگئی ہے۔،اس کےعلاوہ انسانی حقوق کی کارکن دپیکا پشکر ناتھ نے اسے جنسی ہراسانی کا سنگین واقعہ قرار دیا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے پر بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ اس معاملے پر سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں ریاست تلنگانہ کے وزیر برائے اقلیتی بہبود اظہر الدین کا کہنا تھا کہ یہ بہت بری اور جاہلانہ حرکت ہے، اس کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیںایک وزیراعلیٰ ہونے کے ناطے انہیں سوچنا چاہیے تھا اور اس طرح کی حرکت نہیں کرنی چاہیے تھی بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف اس معاملے میں سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

Shares: