قصور ،پیرووالا روڈ پر بجلی چوری کی اطلاع پر چھاپہ مارنے والی واپڈا ٹیم، ایلیٹ فورس اور رینجرز کے اہلکاروں پر مشتعل افراد نے حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران بجلی چوروں نے ایس ڈی او، لائن سپریٹنڈنٹ اور دیگر افسران کو تشدد کا نشانہ بنایا، جب کہ رینجرز اور ایلیٹ فورس اہلکاروں کی وردیاں بھی پھاڑ دی گئیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سول ایریا سب ڈویژن کے ایس ڈی او راشد اعوان اور لائن سپریٹنڈنٹ محمد عتیق خاں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیرووالا روڈ، قصور میں بجلی چوری کی اطلاع پر کارروائی کی۔ ٹیم کے ہمراہ رینجرز اور ایلیٹ فورس کے اہلکار بھی موجود تھے۔ چھاپے کے دوران جب ٹیم نے بجلی کی غیرقانونی ڈائریکٹ سپلائی (ڈائریکٹ کنڈا) پکڑی تو وہاں موجود بجلی چوروں نے شدید مزاحمت کی اور واپڈا ٹیم پر حملہ کر دیا۔حملے کے نتیجے میں ایس ڈی او راشد اعوان، لائن سپریٹنڈنٹ عتیق خاں اور دیگر لیسکو اہلکار زخمی ہو گئے۔ مشتعل افراد نے نہ صرف واپڈا ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ رینجرز اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کی وردیاں بھی پھاڑ دیں، جو قانون کی عملداری کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔واقعے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پایا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے اور ملوث افراد کی شناخت کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عوامی و سماجی حلقوں نے واپڈا ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی چوری کرنے والے عناصر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والوں کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے، تاکہ آئندہ کوئی بھی سرکاری اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی سے نہ روک سکے۔مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ لیسکو حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کارروائیاں بغیر کسی دباؤ کے جاری رہیں گی۔