عوام کو ریلیف دینا احسان نہیں بلکہ ذمہ داری ، بلوں پر عائدٹیکسوں کو بھی ختم کیا جائے،صدر مرکزی مسلم لیگ
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے،بجلی بلوں پر عائدٹیکسوں کو بھی ختم کیا جائے اور غربت میں پسی عوام کو مزید ریلیف دیا جائے
خالد مسعود سندھوکاکہنا تھا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت کے پیش نظر عوام کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ملک میں بے روزگاری،غربت کی وجہ سے شہری پریشان ہیں،مہنگائی کی وجہ سےمتوسط اور غریب طبقے کی کمر ٹوٹ چکی ہے،موجودہ صورتحال میں بجلی کے نرخوں میں معمولی کمی سے عوام کو کوئی بڑا فائدہ نہیں پہنچے گا، وزیراعظم کوئی احسان نہیں کر رہے، پاکستانی قوم کو ان کا حق دیں،سرکاری اداروں میں کرپشن ، لوٹ مار ختم کی جائے، حکمرانوں کی مفت بجلی ختم کر کے عوام کو مزید ریلیف دیا جائے،حکومت کو ایسی پالیسیاں بنانی چاہئیں جو غریب اور متوسط طبقے کے لیے حقیقی ریلیف فراہم کریں،صرف بیانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے، بلکہ عملی اقدامات کرنا ہوں گے،قیمتوں میں معمولی کمی کر کے شادیانے بجانے والے بجلی بل زیادہ آنے سے خود کشیاں کرنے والوں کی موت کا بھی حساب دیں .








