پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیاں نجکاری میں شامل ہیں-

سنیٹر افنان اللہ کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس ہوا، پاور ڈویژن حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے فیز میں آئیسکو ، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری کی جا رہی ہے،دوسرے فیز میں پیسکو اور سیپکو کی نجکاری کی جائے گی،تیسرے فیز میں لیسکو، میپکو اور ہیزکو کی نجکاری کا پلان ہے۔

پاور ڈویژن حکام نے کہا کہ گدو اور نندی پور پاور پلانٹس نجکاری کیلئے تیار ہیں،ان پاور پلانٹس پر حکومت مزید کوئی خرچہ نہیں کرے گی، دونوں پاور پلانٹس کو کچھ گیس کی ایلوکیشن ہونی ہے،گدو پاور پلانٹ کو 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جا رہی تھی،اس وقت گدو پاور پلانٹس 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کر رہا ہے،نندی پور پاور پلانٹس آر ایل این جی پر چل رہا ہے۔

ممبر کمیٹی سنیٹر بلال خان نے سوال کیا کہ اگر ان پاور پلانٹس کی نجکاری نہ ہوئی تو پھر کیا ہوگا؟پاور ڈویژن حکام نے جواب دیا کہ اگر نجکاری نہ ہو سکی تو ہم دوبارہ کابینہ کے پاس چلے جائیں گے،بلال خان نے پھر سوال کیا کہ آپ یہ کیسے سمجھتے ہیں کہ پرائیویٹ لوگ ان پلانٹس کو چلا سکیں گے؟-

جس پر پاور ڈویژن حکام نے کہا کہ ترکیہ میں جب بجلی کمپنیوں کی نجکاری ہوئی تب وہ بھی 80 فیصد نقصان میں تھیں،اس وقت ترکیہ کی بجلی کمپنیاں منافع میں ہیں،ہماری طرف سے ڈسکوز کی نجکاری کیلئے تمام چیزیں تیار ہیں۔

Shares: