بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی اہم ملاقات آج متوقع
اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج ایک بار پھر 26 ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری حیدرآباد سے واپسی کے بعد مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر پہنچیں گے، جہاں دونوں رہنما آئینی ترمیم کے مسودے پر مشاورت کریں گے۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان، پی ٹی آئی سے ہونے والی حالیہ ملاقات پر بھی بلاول بھٹو کو اعتماد میں لیں گے، جبکہ آئینی مسودہ پر اتفاق رائے قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔یہ ملاقات آئندہ انتخابات اور پارلیمانی معاملات کے تناظر میں انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ 26 ویں آئینی ترمیم پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے مستقبل کی قانون سازی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔