شنگھائی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چین کے شہر شنگھائی میں 120 سالہ قدیم فودان یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء سے ملاقاتیں کیں اور پاک چین تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔

دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات فودان یونیورسٹی کے نائب صدر ڈاکٹر چن زھیمِن سے ہوئی، جس میں بین الاقوامی تعلقات عامہ، علاقائی تعاون اور تعلیمی روابط کے فروغ سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تعلیمی و تحقیقی میدان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے فودان یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب کیا۔ ان کا موضوع "پاک چین دوستی: ماضی، حال اور مستقبل” تھا۔ خطاب سے قبل انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے اسسٹنٹ ڈین پروفیسر سَن ڈے گانگ نے تعارفی کلمات پیش کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا خیر مقدم کیا۔

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں دونوں ملکوں نے مشکل ترین حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور آج بھی دونوں ممالک کی شراکت داری خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیاد فراہم کر رہی ہے۔ بلاول نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں بھی نوجوان نسل کو اس دوستی کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے طلباء کے سوالات کے جوابات بھی دیے، جن میں عالمی تعلقات، علاقائی استحکام اور اقتصادی تعاون سے متعلق مختلف امور شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

Shares: