پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر اپنے پیغام میں بچوں کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے، اور ان کی ہمہ جہتی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ بچے ہمارے روشن مستقبل کی امید ہیں، اور ان کی فلاح و بہبود کو قومی ترجیحات میں اولین حیثیت دی جانی چاہیے۔

بلاول زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے بچوں کو عالمی یوم اطفال کی مبارکباد دی ہے اور کہا کہ میں تمام ننھے فرشتوں کو یومِ اطفال کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آپ ہمارے مستقبل کی بنیاد ہیں۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ بچے ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، اور ان کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کرنا ہمارے ملک کی ترقی کے لیے سب سے مؤثر اقدام ہے۔ انہوں نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے انقلابی اقدامات اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بچوں کے حقوق کے لیے کیے گئے تاریخی اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خاص طور پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طرف سے پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم شروع کرنے کے جرات مندانہ اقدام کو اجاگر کیا، جو کہ بچوں کے صحت مند مستقبل کے لیے ان کی بے مثال کاوشوں کا مظہر ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سندھ حکومت کے زیرِ قیادت بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی قانون سازی کو بھی سراہا، جن میں سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی ایکٹ 2011، سندھ رائٹ آف چلڈرن ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2013، سندھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2013، پروٹیکشن آف بریسٹ فیڈنگ رولز 2009 اور سندھ پروٹیکشن اینڈ پروموشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائلڈ نیوٹریشن ایکٹ 2013 شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان قوانین کا مکمل نفاذ یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے تاکہ بچوں کو ان کا مکمل فائدہ پہنچے۔ انہوں نے سندھ حکومت کے منصوبے،ایکشن پلان فار ریڈکشن ان اسٹنٹنگ اینڈ میل نیوٹریشن (AAP) پروگرام ، کی کامیابی کو بھی سراہا، جس نے بچوں میں غذائی قلت کے مسئلے پر نمایاں پیش رفت کی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے بچوں کو درپیش مسائل، جیسے غربت، غذائی قلت، تعلیم کی کمی، اور استحصال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام پالیسی سازوں، اساتذہ، سول سوسائٹی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ان مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ آئیے ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں ہر بچہ محترم ہو، اس کا تحفظ یقینی ہو، اور اسے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی جانب سے بچوں پر جاری مظالم اور استحصال پر عالمی برادری کی خاموشی کو ہمارے دور میں بے حسی کی بڑی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت پر ایک ایسا داغ جو ہمیشہ شرمندگی کا باعث رہے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نےپاکستان پیپلز پارٹی کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کے حقوق کی پاسداری اور ایک ایسی فضا کی تشکیل کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی جہاں بچے تمام رکاوٹوں سے آزاد ہوکر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرسکیں۔

Shares: