بلاول نے تصویر تبدیل کر کے کونسی بغاوت کی؟ فیصل کریم کنڈی
بلاول بھٹو نے اپنی پروفائل تصویر تبدیل کرکے کیا بغاوت کا علم بلند کیا ہے؟ پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی کا سوال. انہوں نے کہا کہ بلاول نے پروفائل تصویر تبدیل کی یہ کوئی بڑی بات نہیں، اور تصویریں تو بد لتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا دبئی جانا معمول کی بات ہے، پی پی چیئرمین کل اور سابق صدر آصف زرداری آج دبئی چلے گئے ہیں۔ پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو خفا نہیں جو آصف زرداری انہیں منانے جائیں، وہ تو پلان کے مطابق خیبرپختونخوا کا دورہ مکمل کرکے بیرون ملک گئے ہیں۔
#NewProfilePic pic.twitter.com/lQr83F28kG
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) November 24, 2023
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ والدین کےلیے بچے بڑے ہوجائیں تو بھی بچے ہی ہوتے ہیں، آصف زرداری صاحب نے انٹرویو کسی کے کہنے پر نہیں اپنی خواہش پر دیا۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن کے بعد ن لیگ اور جے یو آئی حلف اٹھانے کےلیے تیار نہیں تھی، بلاول بھٹو نے انہیں منایا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا کردار ادا کریں گے۔پی پی ترجمان نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس بلاول بھٹو نے بلائی، پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی، بلاول بھٹو پارٹی کے چیئرمین ہیں، پارٹی فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ ن لیگ کے کہنے پر ہورہی ہیں، یہ ملک پر ایک اور لاڈلے کو مسلط کرنا چاہتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کو یوم تاسیس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے، پی پی چیئرمین وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔