پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سندھ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے وزیر محمد علی ملکانی کی ملاقات ہوئی ہے
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سندھ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے وزیر محمد علی ملکانی نے محکمے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیو اسٹاک کا ملک کے جی ڈی پی میں 14 فیصد حصہ ہے، سندھ کا انسٹی ٹیوٹ آف اینمل ہیلتھ 74 اقسام کی جانوروں کی ادویات خود تیار کرتا ہے، سندھ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ جلد ایف ایم ڈی ویکسین تیار کرلے گا جو گوشت کی برآمد میں معاون ثابت ہوگی، سندھ میں جلد لائیو اسٹاک کی نمائش کا انعقاد بھی کیا جائے گا،
علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی گھوٹکی کے رہنما اور پیٹرولیم اینڈ سوشل ڈولپمنٹ کمیٹی گھوٹکی کے چیئرمین عبدالباری خان پتافی نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پر گھوٹکی کی سیاسی صورت حال کے علاوہ ضلع میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل پر بات چیت ہوئی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے تھرپارکر سے رکن سندھ اسمبلی فقیر شیر محمد بلالانی نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پر مٹھی کے عوامی مسائل اور ان کے حل پر بریفنگ دی گئی۔