چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے بجلی بل معاف کرنے کا مطالبہ کردیا۔
مظفر گڑھ کے علاقے ٹھٹھہ سیال میں سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کسانوں کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں اور کسانوں کو بیچ اور کھاد کی فراہم یقینی بنائی جائے۔ پنجاب کا کسان حالیہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ حکومتوں کو فوری ایکشن لینا ہوگا۔سیلاب سے پورا ملک متاثر ہے ،زرعی شعبے کو ریلیف دیا جائے ،گلگت بلتستان ،خیبرپختونخوا بھی سیلاب سے متاثر ہوا ، سیلاب سے پنجاب میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ،خود دیکھ کر آیا ہوں عوام کن مشکلات سے گزر رہے ہیں ،سیلاب متاثرین کی بحالی کا مرحلہ بھی ہے ،زیادہ تر سیلاب متاثرین کو ریلیف پر توجہ دی جاتی ہے ،سیلاب متاثرین کا نقصان پورا کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے ،یہ سیاسی بیان بازی کا موقع نہیں ہے، اس وقت یہ نہیں دیکھنا کہ متاثرہ شخص کا تعلق کہاں سے ہے، مشکل وقت میں عوام کا ساتھ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
بلاول بھٹو نے ایک بار پھر حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، مستحق متاثرین تک صحیح امداد پہنچنے کا ذریعہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ہے۔
بلاول زرداری کی ہدایت پر ملتان میں سیلاب متاثرین کے لیے 1500 ٹینٹ قائم کیے گئے ہیں، جہاں ڈاکٹرز، نرسز بروقت موجود ہیں اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ڈینگی،سانپ کےکاٹنےاور دیگر بیماریوں سے متاثرین کومحفوظ رکھا جا سکے