قصور
لیسکو سب ڈویژن راجہ جنگ میں بل تقسیم کا غیر ذمہ دارانہ رویہ، گاؤں اوراڑہ نو کے شہری سراپا احتجاج
تفصیلات کے مطابق ضلع قصور کی لیسکو سب ڈویژن راجہ جنگ کی غفلت اور نااہلی نے عوام کو شدید مشکلات میں ڈال رکھا ہے
گاؤں اوراڑہ نو کے مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بجلی کے بل گھر گھر تقسیم کرنے کے بجائے بل ڈسٹری بیوٹر ایک جگہ بل پھینک کر غائب ہو جاتا ہے
اس غیر ذمہ دارانہ رویہ
نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے
اہلیانِ علاقہ کے مطابق گاؤں میں بجلی آنے کے آغاز سے ہی یہ سلسلہ جاری ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ آج تک کسی افسر نے اس سنگین مسئلہ پر توجہ دینا گوارا نہیں کی جس کا نتیجہ یہ ہے کہ اس بار بھی بیشتر گھروں کو بل نہیں ملے اور لوگ بل ڈھونڈنے کے لیے دفاتر اور بینکوں کے دھکے کھا رہے ہیں
اہلِ علاقہ نے کہا کہ لیسکو کے ذمہ داران کی یہ غفلت صرف سستی نہیں بلکہ عوام کے ساتھ کھلی زیادتی ہے
بجلی کے بل نہ ملنے کے باعث صارفین تاخیر سے ادائیگی پر جرمانوں کا شکار ہو جاتے ہیں جبکہ قصور صرف بل ڈسٹری بیوٹر کی لاپرواہی اور افسران کی خاموشی ہے
اہلیان علاقہ نے چیئرمین واپڈا اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ راجہ جنگ سب ڈویژن میں فوری طور پر شفاف انکوائری کی جائے، غفلت برتنے والے اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائے اور ہر صارف کو وقت پر بل کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر لوگ اجتماعی احتجاج پر مجبور ہوں گے