ڈیرہ غازیخان: کمشنر ڈی جی خان کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بدانتظامی کا نوٹس
ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی نیوزرپورٹرشاہدخان )کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم کی تقسیم میں بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈویژن کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو انتظامات کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے بدانتظامی کی صورت میں متعلقہ سنٹرز پر آپریشن روکنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ رقوم کی تقسیم میں شفافیت کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بینک انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رقوم کی تقسیم کے دوران انتظامات کو مکمل طور پر یقینی بنائیں اور سنٹرز پر موجود مشینیں اور ڈیوائسز مکمل طور پر فعال ہونی چاہئیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں
مظفرگڑھ: بے نظیر انکم سپورٹ سینٹر میں بھگدڑ، 50 سالہ خاتون جاں بحق
کمشنر نے مزید کہا کہ سنٹرز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنا بینک انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور صرف سو فیصد سہولیات دینے والے سنٹرز کو ہی فعال رکھا جائے گا۔ انہوں نے تاکید کی کہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سنٹرز پر سہولیات کی خود پڑتال کریں تاکہ عوامی خدمات میں کسی قسم کی بدنامی نہ ہو۔
اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔