اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 4/1 اے آر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتی اور چھاپہ مار ٹیم پر حملے کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈم شرمین ناز کی سربراہی میں ٹیم نے باوثوق اطلاع پر چھاپہ مارا تو مزاحمت، حملہ اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق میڈم شرمین ناز کو اطلاع ملی کہ مذکورہ گاؤں میں خواتین سے دو، دو ہزار روپے کٹوتی کر کے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد جب وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچیں تو شکیلہ نامی خاتون، پرویز اور وقار نے چار نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر مزاحمت کی۔ حملہ آوروں نے سرکاری ڈرائیور کو گریبان سے پکڑ کر یرغمال بنایا، تشدد کا نشانہ بنایا اور گاڑی پر پتھراؤ بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق موقع پر موجود کئی خواتین کے ویڈیو بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے ہیں جن میں کٹوتی اور رقم کی تقسیم کی تفصیلات شامل ہیں۔
پولیس تھانہ صدر رینالہ خورد نے اس واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 450/25 درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں تین نامزد اور چار نامعلوم افراد کو سنگین دفعات کے تحت شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ غریب خواتین سے رقم کی کٹوتی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔









