کراچی،باغی ٹی وی(نمائندہ خصوصی) کراچی میں ڈاکو راج کی خوفناک داستان جاری ہے۔ بے رحم لٹیروں نے مزاحمت پر مزید دو زندگیاں چھین لیں۔ مارچ کے صرف 5 دنوں میں 5 شہری ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے جبکہ رواں سال 20 گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔
ماہ رمضان کے دوران پی ای سی ایچ ایس میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر 45 سالہ سیکیورٹی گارڈ ساجد جیکب کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ جیکب اپنے پیچھے بوڑھی ماں، بیوہ اور 12 سالہ بیٹی کو سوگوار چھوڑ گئے۔
دوسری جانب سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈے پر ڈاکوؤں نے نوجوان ہاشر کو نئی موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش میں ابدی نیند سلا دیا۔ ہاشر کی شادی صرف 4 ماہ قبل ہوئی تھی۔
اورنگی ٹاؤن میں بھی ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک خاتون کو زخمی کر دیاجبکہ مرد کو پسٹل کا بٹ مار کر لہولہان کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان افطاری کے وقت گھر میں گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ واقعات کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم کی سنگین صورتحال کو ظاہر کرتے ہیں۔ لٹیرے ہر گلی کوچے میں دندناتے پھر رہے ہیں اور پولیس ان پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔