میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی ،نامہ نگار مشتاق علی لغاری)خانپور مہر کے قریب لِنڈی ٹوڑی کے علاقے میں پرانے خاندانی (سگاوَتی/خونی رشتہ داری) اور زمینی تنازع کے باعث مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پتافی برادری کے تین افراد کو قتل اور تین کو شدید زخمی کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات دیر گئے پیش آیا، جس میں دودو پتافی، حضور بخش پتافی اور اصغر پتافی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ زبیر پتافی، حبیب اللہ پتافی اور علی نواز پتافی فائرنگ سے زخمی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی خانپور مہر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل اسپتال شیخ حمدان بن محمد، خانپور مہر منتقل کیا۔ بعد ازاں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں سکھر اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین اور زخمیوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں لاہور، رحیم یار خان اور صادق آباد سے بتایا جا رہا ہے۔ لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کر دیا گیا، جنہوں نے ایمبولینسوں کے ذریعے لاشیں اپنے آبائی علاقوں کو منتقل کر دیا۔
آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔







