اسلام آباد بلیو ایریا میں ریسٹورنٹ کو 25 دن تک سیل کرنےکی درخواست پر سماعت
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلیو ایریا میں ریسٹورنٹ کو 25 دن تک سیل کرنےکی درخواست پر سماعت ہوئی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاسحاق نے ڈی ایم اے کے ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس اعجاز الاسحاق نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہ ڈی سی اسلام آباد کی گرفتاری کا حکم جاری کیا جائے؟ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کو ڈی سی اسلام آباد سے رابطہ کر کے جواب فائل کریں اور آئندہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔
جسٹس اعجاز اسحاق نے کہا کہ اگر ڈی سی اسلام آباد پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر مجبور ہوں گے۔عدالت نے بلیو ایریا میں قائم شاہ جی ریسٹورنٹ کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا، عدالت نے اضافی سرکاری جگہ لیز کرنے پر سرکاری پالیسی بھی طلب کر لی۔واضح رہے کہ ڈی ایم اے کے عملے نے بلیو ایریا میں ریسٹورنٹ پر تجاوزات کے خاتمے کے نام پر اسے سیل کر دیا تھا، ڈی ایم اے کے عملے نے ریسٹورنٹ کی دوسری برانچ پر بھی آپریشن کر کے توڑ پھوڑ کی تھی۔