ڈیرہ غازیخان: بی ایم پی سخی سرور کی منشیات اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں

ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی سٹی رپورٹرجواد اکبر)بی ایم پی سخی سرور کی منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کامیاب کارروائیاں

تفصیلات کے مطابق کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس اسد خان چانڈیہ کی ہدایت پر منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تھانہ سخی سرور کی پولیس نے گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ مختلف کارروائیوں میں اہم گرفتاریاں عمل میں آئیں، جس سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کا عندیہ ملا ہے۔

ایس ایچ او درمحمد لغاری اور ان کی ٹیم نے دورانِ گشت کارروائی کرتے ہوئے نزیر عرف گیلا سے 20 لیٹر دیسی شراب برآمد کر لی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ کارروائی علاقے میں منشیات کے خلاف بی ایم پی کی مؤثر حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے۔

جرائم پیشہ افراد کے خلاف بی ایم پی تھانہ سخی سرور کی ایک اور کامیاب کارروائی میں ایڈیشنل ایس ایچ او حاجی حسین خان لغاری اور ان کی ٹیم نے بی ایم پی تھانہ کھانڑ ضلع راجن پور کے مقدمہ نمبر 6/24 کے تحت مطلوب تاجو ولد دوران قوم گورچانی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پر اغوا برائے تاوان اور چوری جیسے سنگین جرائم کا الزام تھا۔

ایڈیشنل ایس ایچ او حسین خان لغاری نے اپنی تفتیشی مہارت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو ٹریس کیا اور گرفتار کر کے قانون کے حوالے کر دیا۔ یہ ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے خاص طور پر بی ایم پی جیسی فورس کے لیے جو جدید ٹیکنالوجی سے محروم ہے۔

علاقہ راجن پور کے عوام اور مقدمے کے مدعی نے کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ، ایڈیشنل ایس ایچ او حاجی حسین خان لغاری اور ان کی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور شکریہ ادا کیا۔ اس کامیابی نے نہ صرف فورس کا مورال بلند کیا بلکہ علاقہ مکینوں کے اعتماد میں بھی اضافہ کیا ہے۔

یہ مؤثر کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ بارڈر ملٹری پولیس وسائل کی کمی کے باوجود اپنے فرائض کی انجام دہی میں پیش پیش ہے اور علاقے سے جرائم کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

Comments are closed.