(بہاولنگر باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) حکومتِ پنجاب بہاولنگر کی اطلاع کے مطابق یکم نومبر 2025 کو گورنمنٹ گرلز گریجویٹ کالج فار ویمن بہاولنگر میں صارفین کے حقوق کے موضوع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی نگرانی کالج کی پرنسپل پروفیسر فرح نسیم نے کی، جبکہ طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے پرنسپل فرح نسیم، سابق پرنسپل خالدہ محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رفعت انجم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کنزیومر کونسل سید مخدوم حسین نے خطاب کیا۔ مقررین نے شرکاء کو صارفین کے حقوق، اسلام میں تجارت کے اصولوں، پنجاب صارف تحفظ قانون کی افادیت اور تاجروں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
سید مخدوم حسین نے بتایا کہ تاجروں کا قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنا، رسید جاری نہ کرنا، زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرنا یا اشیاء و خدمات کی درست معلومات فراہم نہ کرنا قابلِ سزا عمل ہے، جس پر اتھارٹی ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صارف عدالت میں شکایت درج کرانے کا مکمل طریقہ کار قانون کے مطابق نہایت آسان بنایا گیا ہے تاکہ عوام اپنے حقوق کا تحفظ کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل فرح نسیم نے تمام معزز مہمانوں اور مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی آگاہی مہمات معاشرے میں ذمہ دارانہ خرید و فروخت کے رجحان کو فروغ دیتی ہیں اور صارفین کے حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔








