ڈیرہ غازیخان ،گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر + نامہ نگار)ڈیرہ غازی خان اور گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون (فرسٹ اینول) 2025ء کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ دونوں بورڈز میں امتحانی عمل کی شفافیت، جدید نظام اور طلبہ کی کارکردگی نمایاں رہی، جبکہ طالبات نے کامیابی کی شرح میں نمایاں برتری حاصل کی۔
ڈیرہ غازی خان بورڈ کے چیئرمین و کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے انٹر پارٹ فرسٹ کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے لیپ ٹاپ پر کلک کر کے نتائج آن لائن جاری کیے۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر مظفر حسین، سیکرٹری بورڈ عبدالرحمن چوہدری اور ٹیکنیکل افسر احمد علی قریشی موجود تھے۔ امتحان میں 54,954 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جن میں سے 34,277 کامیاب قرار پائے۔ مجموعی کامیابی کی شرح 62.37 فیصد رہی۔ طالبات نے میدان مار لیا جن کی کامیابی کی شرح 70.26 فیصد جبکہ طلباء کی 54.62 فیصد رہی۔ اضلاع کی کارکردگی میں مظفرگڑھ سرفہرست رہا جہاں کامیابی کی شرح 68 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب گوجرانوالہ بورڈ کے چیئرمین و کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کانفرنس روم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں نتائج کا اعلان کیا۔ امتحان میں 1,42,101 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جن میں سے 71,009 کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کی مجموعی شرح 49.97 فیصد رہی۔
پری میڈیکل (گرلز) گروپ میں 62.90 فیصد، پری انجینئرنگ (گرلز) میں 72.61 فیصد، جبکہ جنرل سائنس (گرلز) میں 60.22 فیصد طلبات کامیاب رہیں۔ بوائز کی کامیابی کی شرح مختلف گروپس میں 21 سے 58 فیصد کے درمیان رہی۔
چیئرمین سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ امتحانات کے انعقاد سے نتائج کی تیاری تک مکمل شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔ آٹومیشن سسٹم کے تحت فارم جمع کرانے، رول نمبر الاٹمنٹ اور امتحانی مراکز کی تقسیم کی گئی۔ تمام زونز میں طلبہ کو مساوی مواقع فراہم کیے گئے اور مارکنگ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔
دونوں بورڈز کے چیئرمینوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امتحانی نظام کی شفافیت، غیر جانبداری اور تعلیمی معیار میں مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ طلبہ و طالبات کی محنت کا صحیح اور منصفانہ انداز میں اعتراف ممکن ہو سکے۔








