اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان )ایران میں شہید 8 پاکستانیوں کی میتیں بہاولپور پہنچ گئیں، نماز جنازہ آج ادا ہوگی،ایران میں شہید ہونے والے 8 پاکستانیوں کی میتیں بہاولپور پہنچا دی گئی ہیں، جنہیں مقامی انتظامیہ نے لواحقین کے حوالے کر دیا ہے۔
ان میں سے 5 شہیدوں کی نماز جنازہ آج صبح 9 بجے خانقاہ شریف بوائز ہائی سکول میں ادا کی جائے گی، جبکہ بقیہ 3 شہیدوں کے جنازے احمد پور شرقیہ اور رنگپور میں ان کے آبائی دیہات میں ادا کیے جائیں گے۔
ایران میں قتل کیے گئے 8 پاکستانی شہریوں کی میتیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔ ان افراد کو 12 اپریل کو ایران کے سرحدی صوبے سیستان کے علاقے مہرستان میں مسلح افراد نے ایک ورک شاپ میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
جاں بحق ہونے والوں میں سے 7 کا تعلق بہاولپور کے علاقے خانقاہ شریف سے تھا جبکہ ایک کا تعلق ملتان کے نواحی علاقے شجاع آباد سے تھا۔ ان میتوں کو رات گئے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے ایران سے اسلام آباد منتقل کیا گیا اور پھر وہاں سے بہاولپور پہنچایا گیا۔ بعد ازاں ایمبولینسوں کے ذریعے میتیں ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دی گئیں۔
یہ بدقسمت افراد موٹر مکینک تھے اور ایرانی صوبے سیستان میں ایک ورک شاپ پر کام کرتے تھے۔ پاکستانی سفیر نے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد عامر، محمد دلشاد، محمد ناصر، ملک جمشید، محمد دانش، محمد نعیم، غلام جعفر اور محمد خالد کے ناموں سے کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ فعل اور اسلامی تعلیمات، قانون اور انسانی اقدار کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس جرم کے مرتکب افراد کی شناخت اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔