اسلام آباد میں ڈپلو میٹک انکلیو کے فلیٹ سے جرمن سیکنڈ سیکرٹری تھامس فلڈر کی لاش برآمد ہوئی ہے
اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع ایک فلیٹ سے غیر ملکی سفارت کار کی لاش ملی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق، لاش کی شناخت جرمن سفارت خانے کے سیکنڈ سیکریٹری، تھامس فلڈر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش کو فوری طور پر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام نے بتایا کہ سفارت کار کی موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔
پولیس نے بتایا کہ تھامس فلڈر اس سے پہلے بھی ایک مرتبہ معمولی ہارٹ اٹیک کا شکار ہو چکے تھے، اور ممکنہ طور پر اس کی موت کا تعلق اس سے ہو سکتا ہے، تاہم اس بات کی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، دو روز قبل جب تھامس فلڈر دفتر نہیں پہنچے تو جرمن سفارت خانے نے ان کے فلیٹ کا دروازہ توڑ کر اندر جھانکا۔ فلیٹ میں سفارت کار کو مردہ پایا گیا، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
واقعہ اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں پیش آیا، جو کہ غیر ملکی سفارت کاروں کے رہائشی علاقے کے طور پر معروف ہے اور یہاں کی سیکیورٹی اور حفاظت کا انتظام خاص طور پر سخت ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ان کی موت کے حوالے سے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اس معاملے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے۔
پولیس اور متعلقہ حکام اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ جرمن سفارت خانے کے اہلکاروں نے باقاعدہ طور پر واقعے کی اطلاع دینے کے بعد مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔ تاحال کسی بھی قسم کی مشتبہ سرگرمی یا غیر فطری عنصر کا انکشاف نہیں ہوا ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔