میرپورخاص(باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) جھلوری کے علاقے میں 5 دن سے لاپتہ 9 سالہ معصوم بچی آمنہ کی لاش دبکا شاخ ناصر موڑمی کے قریب سے برآمد ہوئی ہے۔ یہ دلخراش واقعہ اس وقت سامنے آیا جب آبپاشی کے عملے نے پلاسٹک کے بورے میں تیرتی ہوئی لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ بچی کے والد نے لاش کی شناخت کر کے تصدیق کر دی ہے۔ جھلوری اور ڈینگان دونوں تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔

معصوم آمنہ کے ساتھ پیش آنے والے اس سفاکانہ واقعے پر ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور سفاک قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن اور اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس اندوہناک واقعے سے شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ انہوں نے پولیس انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور نااہلی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں چوری، ڈکیتی، رہزنی اور قتل کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں اور مقامی پولیس تماشائی بنی ہوئی ہے، جو پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف آف آرمی اسٹاف، گورنر سندھ اور آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ میرپورخاص میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں کا فوری نوٹس لیں اور معصوم آمنہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کریں۔

Shares: