بہاولپور، (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)لال سوہانرا کے قریب بہاول کینال نہر سے ایک 20 سالہ نامعلوم لڑکی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے۔ اس اندوہناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ پولیس نے قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، مقامی افراد نے نہر میں تیرتی ہوئی لاش دیکھ کر فوری طور پر پولیس چوکی لال سوہانرا اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی انچارج پولیس چوکی مقصود ورک، ڈی ایس پی صدر سرکل خالد محمود وٹو، اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو ٹیم جس میں اینسیڈینٹ کمانڈر جاوید، سینیئر میڈیکل ٹیکنیشن محمد مشتاق، اور آصف رضا شامل تھے، نے کارروائی کرتے ہوئے لاش کو نہر سے نکال کر پولیس کے حوالے کیا۔
پولیس کے مطابق، مقتولہ کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ لاش کی ٹانگ کے ساتھ رسی کے ذریعے بھاری وزن باندھ کر نہر میں پھینکا گیا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے قتل کر کے شواہد چھپانے کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے۔
شناخت کے عمل کو ممکن بنانے کے لیے پولیس نے قریبی تھانوں — خیرپور ٹامیوالی، عنائتی، میلسی اور کہروڑپکا — سے رابطہ کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور جلد ہی حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
علاقے کے مکینوں نے اس دلخراش واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔