بالی وڈ کی مشہور اور خوبرو اداکارہ ہما قریشی کے قریبی رشتہ دار آصف قریشی کو دہلی کے نظام الدین علاقے میں پارکنگ کے تنازع پر تشدد کرکے قتل کر دیا گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی شب تقریباً رات 11 بجے پیش آیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، واقعہ اس وقت ہوا جب آصف قریشی اپنی رہائش گاہ کے قریب مارکیٹ کی پارکنگ میں کھڑے اسکوٹر کو مبینہ طور پر دو افراد سے ہٹانے کو کہا۔ تاہم، اس معمولی تنازعے نے تشدد کی شکل اختیار کر لی اور ملزمان نے آصف پر حملہ کر دیا۔آصف کے گھر والوں نے الزام لگایا ہے کہ مقتول پر تشدد کے دوران کسی بھاری چیز سے حملہ کیا گیا، جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی حالت میں آصف کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان، اُجول اور گوتم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، اُجول نے آصف پر تشدد کا آغاز کیا تھا، جبکہ گوتم اس میں ملوث رہا۔

اس واقعے نے دہلی میں پارکنگ تنازعات کے حوالے سے عوامی تشویش کو مزید بڑھا دیا ہے اور اس قسم کے واقعات میں پولیس کی فوری کارروائی کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں.

Shares: