رکنی (باغی ٹی وی رپورٹ) بلوچستان کے ضلع بارکھان کے مرکزی شہر رکنی میں ایک افسوسناک بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور نو افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ شہر کی مرکزی شاہراہ بارکھان روڈ پر اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل میں نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بم موٹر سائیکل میں نصب تھا جسے غالباً ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں جائے وقوعہ پر موجود دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ سڑک کنارے کھڑی ایک پک اپ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک 12 سالہ بچہ لقمان شامل ہے جو سخی سرور کا رہائشی تھا اور اپنے والد سے ملاقات کے لیے بارکھان روڈ پر آیا ہوا تھا۔ دوسرا جاں بحق ہونے والا نوجوان محمد مراد سندھی کے نام سے شناخت ہوا ہے جو رکنی بازار میں آم کی ریڑھی لگاتا تھا اور محنت مزدوری کے لیے شہر میں موجود تھا۔
زخمیوں میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے عاطف تنویر ولد عبدالحمید بھٹی، محمد زاہد، علی داد (سکنہ کھر)حنیف ولد کمالان، لعل خان گورچانی، اسماعیل ولد حکیم خان، لعلو ولد دراہی، نور بخش ولد قادر بخش (سکنہ راڑہ شم) اور کریم بخش ولد مراد بخش (سکنہ رکنی) شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فرانزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دھماکہ دہشت گردی کی کارروائی ہو سکتا ہے تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حتمی موقف اختیار کیا جائے گا۔ رکنی اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔








