کویت سے بھارتی حیدرآباد آ نے والی انڈیگو ایئر لائنز کی ایک پرواز کو منگل کے روز اُس وقت ہنگامی طور پر ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا جب حیدرآباد ایئرپورٹ کو ایک مشتبہ ای میل موصول ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ طیارے میں "انسانی بم” سوار ہے۔ دھمکی موصول ہوتے ہی ایوی ایشن سیکیورٹی اداروں میں کھلبلی مچ گئی اور فوری طور پر حفاظتی پروٹوکول کے تحت فلائٹ کو ڈائیورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارہ ممبئی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتارا گیا، جہاں لینڈنگ کے فوری بعد مسافروں کو منظم طریقے سے اتار کر سیکیورٹی کور میں منتقل کیا گیا۔طیارے کو ایئرپورٹ کے آئیسولیشن زون میں پارک کیا گیا، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ اور سی آئی ایس ایف کی خصوصی ٹیموں نے جہاز کی مکمل تلاشی لی،ابتدائی طور پر کوئی دھماکا خیز مواد یا مشکوک شے برآمد نہیں ہوئی، تاہم سیکیورٹی اداروں نے بتایا کہ تمام پروٹوکول مکمل ہونے تک طیارہ اور اس کا سامان دوبارہ چیکنگ کے عمل سے گزرے گا۔

سیکیورٹی اہلکاروں کے مطابق دھمکی آمیز ای میل کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ابتدائی شبہ ہے کہ یہ ای میل کسی نامعلوم آئی ڈی سے بھیجی گئی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ سائبر سیل معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے مکمل فورنزک تجزیہ کرے گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں دہلی میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد بھارتی سیکیورٹی ادارے پہلے ہی ہائی الرٹ پر تھے۔ اس کے باوجود گزشتہ دو ہفتوں کے دوران متعدد پروازوں، ایئرپورٹس اور ایوی ایشن تنصیبات کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔دو ہفتے قبل کینیڈا کے ٹورنٹو سے دہلی آنے والی پرواز میں مبینہ بم کی افواہ نے کھلبلی مچا دی تھی۔اسی طرح ممبئی سے وارانسی جانے والی ایک پرواز کو بھی جعلی دھمکی کے بعد روکنا پڑا۔ دہلی، گوا اور چنئی ایئرپورٹس کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر دھمکی، خواہ وہ جھوٹی ہی کیوں نہ ہو، انتہائی سنجیدگی سے لی جاتی ہے۔

انڈیگو انتظامیہ کے مطابق تمام مسافر محفوظ ہیں اور انہیں متبادل فلائٹ یا مزید ہدایات کے لیے ایئرپورٹ لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا ہے۔فلائٹ کی دوبارہ روانگی سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی ممکن ہوگی۔

Shares: