مزید دیکھیں

مقبول

آئی پی ایل؛ ہاردک پانڈیا کو لاکھوں روپے جرمانہ

انڈین پریمئیر لیگ میں سلو اوور ریٹ پر...

کراچی شہر سے محبت کرنے والوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے، آفاق احمد

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ پاکستان آفاق احمد نے...

عالمی فیشن انڈسٹری پر ٹرمپ کے ٹیرف کا گہرا اثر

بدھ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب...

تبصرہ کتب، سنہرے نقوش

نام کتاب : سنہرے نقوش
نام مئولف : عبدالمالک مجاہد
ناشر : دارالسلام انٹرنیشنل ، لوئر مال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور
صفحات : 384
قیمت : 1850روپے
زیر نظر کتاب ’’ سنہرے نقوش ‘‘ ایک آئینہ ہے جس میں اچھے اور برے دونوں طرح کے لوگوں کی زندگی کے سچے واقعات کی تصویر کشی کی گئی ہے ۔ جو شخص بھی یہ واقعات پڑھے گا اسے یقینا سعادت اور نیکی کی زندگی حاصل ہو گی ۔ نیکی کا لازمی نتیجہ کامیابی اور فتح مندی ہے جبکہ گناہ کا نتیجہ ناکامی ، بدنامی اور رسوائی ہے ۔ گناہ چاہے کتنا ہی چھپ کر کیا جائے وہ ہمارا پیچھا کرتا ہے اپنا تاوان لیتا ہے اور اگرندامت کے ساتھ سچی توبہ نہ کی جائے توگناہ ہمیشہ خون کے آنسو رولاتا ہے ۔ اچھی کتابوں کا مطالعہ انسان کو نیکی کی طرف راغب کرتا اور دل و دماغ کو راحت بخشتا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ سنہرے نقوش ‘‘ ایک ایسی ہی کتاب ہے جس میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نافرمانوں اور بعض سفاک انسانوں کے واقعات درج کیے گئے ہیں تاکہ لوگ ان کے لرزہ خیز انجام سے عبرت پکڑیں اور توبہ استغفار کا اہتمام کر کے اپنی زندگیاں سنوار لیں ۔ کتاب کے مئولف عبدالمالک مجاہد کہتے ہیں : میری جملہ کتابوں کی طرح اس کتاب کی بھی اصل غرض و غایت یہی ہے کہ ہمارے معاشرے کا ہر فرد اچھے اور برے لوگوں کے واقعات سے اعمال صالحہ کا سبق سیکھے ، نیکی اور ناموس کی زندگی بسر کرے۔ ان شاء اللہ اس طرح زندگی کی مشکلیں آسان ہوجائیں گی اور ماحول کی تاریکیوں میں حسن سیرت کے چراغ روشن کرنا آ سان ہو جائے گا ۔ بات یہ ہے کہ ہم سب کو ناکامی سے بچنے اور دوسروں کو بچانے کی ہر ممکن تدبیر کرنی چاہیے ۔ یہ ہمارا دینی اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے جسے التزام سے ادا کرتے رہنا چاہیے بس اسی احساس کے زیر اثر کامیابی کی صفات اجاگر کرنے اور ناکامی کے اسباب واضح کرنے کے لیے یہ کتاب لکھی گئی ہے۔اس کا انداز بیان سادہ اور سلیس ہے اس لیے اس سے معمولی پڑھے لکھے لوگ بھی خاطرخواہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ قرآن مجید بھی ہمیں اچھے اور منتخب انسانوں کے نورانی اعمال و احوال کے قصے سادہ اور دلکش پیرائے میں سناتا ہے۔ فرعون و نمرود جیسے مغرور و مردود لوگوں کے افعال و انجام کی حکایات پڑھ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں ۔ ایسے ہی اس کتاب میں ایک طرف حضرت سعید بن جبیراور امام احمد بن حنبل جیسے رجال کی سیرت کے جلوے نظر آتے ہیں تو دوسری طرف ایسے سفاک اور بدبخت شخص کا تذکرہ بھی ہے جس نے حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے آشوب وآزمائش کے دور میں ان کی اہلیہ محترمہ کو تھپڑ مارا تھا۔ اس ظالم کا انجام پڑھ کر دل لرزنے لگتا ہے۔ کتاب کی اہمیت کا اندازہ دیے گئے عنوانات سے کیا جا سکتا ہے مثلاََ:تقوی کے ثمرات ، پروردگار کے فیصلے کا خیر مقدم، راہ اخلاص و وفا میں جانوں کا نذرانہ، مرقد نبوی کے خلاف گھنائونی سازش، سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی زندگی کا آ خری دن ، بہادر ڈاکو حجاج بن یوسف کی عدالت میں، کس کس کا ہاتھ میرے گریبان میں آ ئے گا، وعدے کی پاسداری ، دجال کا جاسوس ، باپ سے بد سلوکی کا بھیانک انجام ، خبردار دشمن ہمہ وقت موقع کی تلاش میں ہے ، دولت کا نشہ۔۔۔۔۔ ایک سانحہ عبرت، سچی توبہ ، نہلے پر دہلا ، لاجواب دلہن ، جہنم سے فرار ، تاک جھانک کا خمیازہ ، اللہ کی نافرمان ، بہار ہو کہ خزاں لا الہ الا اللہ ، اچھی تربیت کا صحیح طریقہ ، بارگاہ الہی میں جواب دہی کا احساس ، جھوٹی توبہ، کفر و سرکشی کی سزا ، مٹ گئے مٹ جائیں گے اعدا تیرے ، خون ناحق کی ہیبت ، آداب فرزندی کا قابل رشک مظاہرہ ،کہیں عہد شکنی نہ ہو جائے، سلطان جلال الدولہ کی ہوشیاری ، دندان شکن جواب، جو سورہے ہیں ان کو جگانے کی فکر کر، حقیقی طالب علم ،کسری پر عربوں کی پہلی جیت ،اللہ تعالیٰ اس کی گھات میں تھا ،جھوٹی توبہ ، جہنم سے فرار ، اندھیرے سے اجالے کی طرف ، عربوں کی مہمان نوازی، وعدے کی پابندی ، دنیا کی بے ثباتی ، خدائی خون کے گھنائونے دعویدار، ظالم کا عبرتناک انجام، غلاموں کی خوش بختی، اس نے میری آنکھیں کھول کر اپنی آنکھیں بند کر لیں، باپ کی عدالت سے بیٹی کے خلاف فیصلہ، داستان ایک متکبر کی، مالک ارض و سماء کی پہچان ، لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ، نو مولود کی گواہی ،فرشتہ صفت نوجوان شیطان کے نرغے میں ، شیر خوار بچے کا اعلان حق ، تربیت اولاد سے غفلت کا نتیجہ، طوفانوں کے مقابل کوہ گراں ۔ قصہ مختصر یہ کتاب نیکی اور بدی کے کرداروں کا حیرت انگیز نگار خانہ ہے جو کردار اور دل و دماغ کے دریچے کھولتے، خیالوں میں انقلاب برپا کرتے ، نیکی سے محبت کا سلیقہ سکھاتے اور بدی سے متنفر کرتے ہیں ۔ اپنی اصلاح اور اپنے گھر کی اصلاح کے خواہشمند احباب کیلئے یہ کتاب نہایت ہی بیش قمیت تحفہ ہے ۔

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan