برازیل کے ساؤ پالو میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، جس میں تقریباً 62 افراد سوار تھے

ساؤ پاولو: برازیل میں ایک مسافر طیارہ جمعہ کو حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں تقریباً 62 افراد سوار تھے۔ یہ خبر برازیلی میڈیا نے دی ہے۔وی او ای پاس ایئر لائن کے مطابق، یہ طیارہ کاسکاویل سے گوارولہوس جا رہا تھا جب یہ وینہیدو شہر میں گر گیا۔ مقامی فائر فائٹرز نے طیارے کے گرنے کی تصدیق کی ہے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔برازیل کی ٹی وی گلوبو نیوز نے ایک خوفناک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں طیارہ آسمان سے گرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک اور زاویے سے لی گئی ویڈیو میں طیارے کی خوفناک گراوٹ دکھائی دے رہی ہے، جس کے بعد زمین سے کالے دھوئیں کا ایک بڑا بادل اٹھتا نظر آ رہا ہے۔
ایئر لائن کے ایک بیان کے مطابق، ” VOEPASS وی او ای پاس نے متاثرین کی مدد کے لیے تمام وسائل متحرک کر دیے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ حادثہ کیسے ہوا یا طیارے میں سوار افراد کی موجودہ صورتحال کیا ہے۔”طیارے میں 58 مسافر اور 4 عملے کے ارکان سوار تھے۔ ساؤ پاولو کی وفاقی پولیس نے اے بی سی کو بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں ایک مقامی شہری زخمی ہوا ہے۔وینہیدو اور والینہوس کے ہسپتالوں کو ممکنہ زخمیوں کو وصول کرنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، ساؤ پاولو کے گورنر صورتحال کو سنبھالنے کے لیے وٹوریا سے واپس آ رہے ہیں۔
برازیلی میڈیا کی جانب سے شیئر کی گئی فوٹیج میں ایک بڑا علاقہ آگ کی لپیٹ میں نظر آ رہا ہے اور طیارے کے ملبے سے دھواں نکلتا دکھائی دے رہا ہے.نیشنل سول ایویشن ایجنسی (اناک) کے مطابق، یہ طیارہ ایک اے ٹی آر-72-500 ٹربوپراپ تھا جس میں 68 نشستیں تھیں۔ یہ طیارہ فرانسیسی کمپنی اے ٹی آر کی جانب سے تیار کیا گیا تھا، جو دنیا کی سب سے بڑی ہوابازی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔اناک نے تصدیق کی ہے کہ وہ اب اس حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Comments are closed.