پرانی دشمنی کا شاخسانہ فائرنگ سے دو سگے بھائی قتل ۔ مقتولین پیشی سے گھر واپس جارہے تھے کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔ ڈی پی او خانیوال

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کی حدود اڈہ موسی ورک میں دو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں کو قتل کر دیا۔ مقتولین صفدر اور معین عدالت میں پیشی کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ موٹر سائکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دو بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ملزمان واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ ڈی ایس پی میاں چنوں ناصر علی ثاقب پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مقتولین کی نعشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ڈی پی او خانیوال رانا عمر فاروق بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔

جائے وقوعہ کے معائنے اور ورثاء سے ملاقات کے بعد ڈی پی او رانا عمر فاروق نے میڈیا کو بتایا کہ مقتولین اور ملزمان کے درمیان سابقہ مقدمہ بازی چل رہی ہے ایک سال قبل مقتولین کے بھائی نے ڈوگر برادری کے ایک فرد کو قتل کیا تھا جس میں 302 کا مقدمہ چل رہا ہے جس کی آج تحصیل کورٹس میاں چنوں میں پیشی تھی جہاں سے واپس آتے ہوئے مقتولین پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ پرانی دشمنیوں کے معاملات بارے ضلع خانیوال میں حفظ ماتقدم پالیسی بارے بھی کام کررہے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیم روانہ کردی گئی ہے جلد ملزمان پولیس کی حراست میں ہوں گے

Shares: