اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے آڈیو لیک کیس میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللّٰہ بلوچ نے کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور پولیس کو حکم دیا کہ انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے اس سلسلے میں باضابطہ طور پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی ہے، جبکہ آئندہ سماعت پر علی امین گنڈاپور کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف تھانہ گولڑہ، اسلام آباد میں مقدمہ درج ہے، جو کہ ایک مبینہ آڈیو لیک سے متعلق ہے۔ اس مقدمے میں ان پر مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔








