ایران،پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ،خواتین سمیت 35 جاں بحق

iran bus

ایران میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، پاکستانی زائرین کی بس حادثے کا شکار ہو گئی ہے، 35 افراد کی موت جبکہ 15 زخمی ہو گئے ہیں

واقعہ ایران کے شہر یزد میں پیش آیا، بس جس پر پاکستانی زائرین سوار تھے دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی ، بس میں 53 زائرین سوار تھے، حادثے میں 35 افراد جان سے گئے جبکہ 15 زخمی ہیں ،کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے،ایرانی میڈیا کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں و لاشوں کو بس سے نکالا جب کہ حادثے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

بس میں سوار افراد کا تعلق اندرون سندھ سے ہے، بس لاڑکانہ سے گئی تھی، بس میں 14 خواتین بھی سوار تھیں،ایران میں موجود قافلے کے سر براہ سید اطہر شمسی نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قافلے میں دو بسیں شامل تھیں، ایک بس میں وہ خود بھی سوار تھے، زائرین دو بسوں میں سوار تھے، پاسپورٹ اور کاغذات کے مسائل کی وجہ سے ان کی بس پیچھے رہ گئی، آگے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی

ایرانی ٹریفک پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس کے بریک سسٹم میں فنی خرابی کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 11 خواتین بھی شامل ہیں

ایران بس حادثہ، صدر مملکت،وزیراعظم،وزیر داخلہ و دیگر کاا ظہار افسوس
ایران بس حادثے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ پنجاب، چیئرمین سینیٹ و دیگر نے افسوس کا اظہار کیا ہے،
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایران کے شہر یزد میں المناک بس حادثہ میں 35 پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےجاں بحق ہونے والے زائرین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا،زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ ایران میں بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے۔تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ نےپاکستانی زائرین کی بس کو ایران کے شہر یزد کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دُکھ و رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران کے شہر یزد ٹریفک حادثے میں شہید ہونے والے زائرین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔رنج و اَلم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔شہید ہونے والے زائرین کو اللہ پاک جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائیں۔اللہ پاک بس حادثے میں زخمی زائرین کو جلد از جلد شفایاب فرمائیں۔ آمین

سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس کے المناک حادثہ پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔ اس افسوسناک خبر نے پورے ملک کو غمزدہ کردیا ہے۔ بس حادثے میں کم از کم 35 زائرین جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ہم ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اس سانحے کا شکار ہوئے ہیں۔

ایران بس حادثہ،میتیں جتنی جلدی ممکن ہوا واپس بھیجیں گے،پاکستانی سفیر
ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو کا کہنا ہے کہ یزد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں جتنی جلدی ممکن ہوا واپس بھیجیں گے، حادثہ تہران سے 700 کلو میٹر دور یزد میں پیش آیا ہے، یزد کے لیے ایئر ٹکٹس دستیاب نہیں تھے اس لیے افسر گاڑی پر گئے ہیں،حادثے کی وجہ بس کی اوور اسپیڈنگ اور بریک فیل ہونا تھا، اوور اسپیڈنگ کی وجہ بس ایک اسکول کی دیوار سے ٹکرائی، پاکستانی سفارتخانے نے اطلاع ملتے ہی ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر کے ایرانی حکام سے رابطہ کیا، ایرانی وزارت خارجہ کے حکام اور یزد کی مقامی حکومت سے بھی رابطے میں ہیں، زخمیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستانی سفارتی حکام کو زخمیوں کی مدد کے لیے تہران سے روانہ کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بس حادثے میں زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے زخمی زائرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی،مریم نواز کا کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ایران میں بس حادثے میں پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی،انہوں نے کہا کہ مشکل گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں،چیئرمین سینیٹ نے حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا گو ہوں،علاوہ ازیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایران بس حادثے میں پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا اور مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی،انہوں نے کہا کہ تشویشناک حالت میں مبتلا زائرین کا علاج ایران میں ہی کیا جائے، متعلقہ حکام سے حکومت پاکستان رابطے میں ہے، انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، میتوں کو پاکستان لانے کے لیے خصوصی انتظامات یقینی بنانا ہوں گے۔

ایران بس حادثہ،بس میں سوار پاکستانی مسافروں کی فہرست باغی ٹی وی نے حاصل کر لی

Comments are closed.