ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں کی رپورٹ) لیاقت انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ سائنسز ٹھٹھہ اور سول ہسپتال ٹھٹھہ کے سرجری ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے سول ہسپتال میں خواتین میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں تین روزہ بریسٹ کینسر سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔
سمپوزیم کے پہلے دن او پی ڈی قائم کی گئی جہاں چھاتی کے کینسر میں مبتلا خواتین کا مفت علاج کیا گیا اور الٹراساؤنڈ سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ بھی مفت فراہم کیے گئے۔
پہلے دن عوامی آگاہی مہم کے تحت او پی ڈی سے سرجیکل وارڈ تک ایک واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر سرجن ڈاکٹر صغریٰ پروین عقیلی نے کہا کہ ایشیا میں چھاتی کا کینسر خواتین میں دوسرے نمبر پر عام ہے اور اگر بروقت تشخیص ہو جائے تو اس کا علاج ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کی سرجری کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے غلط تصورات کو دور کرنا ضروری ہے۔
ٹھٹھہ لمس کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سرور قریشی نے کہا کہ ہمارے روایتی نظام اور لاعلمی کی وجہ سے اس بیماری کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے لیے آنے والی خواتین میں سے 33 فیصد چھاتی کے کینسر میں مبتلا پائی جاتی ہیں۔
سرجن ڈاکٹر معشوق خواجہ نے کہا کہ اس بیماری سے نمٹنے کے لیے بروقت تشخیص اور علاج نہایت ضروری ہیں۔ باشعور طبقے کو آگے آکر اس مہم میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ہم اس مہلک بیماری کو شکست دے سکیں۔
سمپوزیم کا مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا اور متاثرہ خواتین کو بروقت علاج فراہم کرنا ہے، تاکہ اس خطرناک بیماری پر قابو پایا جا سکے۔