تنگوانی (نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب واقع گاؤں سلیم خان کھوسومیں ڈاکوؤں نے خوفناک حملہ کیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاعات کے مطابق تھانہ تنگوانی کی حدود میں واقع اس گاؤں پر مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ ڈاکوؤں نے دکانوں، آٹا چکی اور سولر سسٹم کو آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

علاقے کے مکینوں کے مطابق تنگوانی اور اس کے گردونواح میں ڈاکوؤں کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں اور دیہاتوں پر حملے، اغوا اور سڑکوں پر ڈکیتیوں کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ ان واقعات نے علاقے کے لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ضلع کشمور کی پولیس اور رینجرز ان واقعات کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہیں اور خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے منتخب نمائندوں اور اعلیٰ حکام کی عدم توجہی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اس حملے کے بعد علاقے کے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ شام پانچ بجے کے بعد بازار اور سڑکیں ویران ہو جاتی ہیں اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خوف کے سائے میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔

علاقے کے مکینوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: